ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سدرامیا نے ودھان سودھا ہبال اسٹیل برڈج کی تعمیر کا دفاع کیا

سدرامیا نے ودھان سودھا ہبال اسٹیل برڈج کی تعمیر کا دفاع کیا

Sun, 09 Oct 2016 11:40:58    S.O. News Service

بنگلورو،8؍اکتوبر(ایس او نیوز) وزیر اعلیٰ سدرامیا نے شہر کے ودھان سودھا سے قریب چالوکیہ سرکل سے ہبال فلائی اوور تک مجوزہ اسٹیل برڈج کی تعمیر کو ضروری قرار دیا اور کہاکہ عنقریب اس برڈج کی تعمیر کا کام شروع کردیا جائے گا۔ آج راجہ راجیشوری نگر میں ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد مخاطب ہوکر سدرامیا نے کہاکہ اس اسٹیل برڈج کی تعمیر پر 1791 کروڑ روپے صرف کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر یہ پراجکٹ فضول ہوتا تو حکومت کی طرف سے اتنی بڑی رقم صرف کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔ اس مرحلے میں حاضرین میں سے اٹھ کر کسی نے کہاکہ اتنی رقم خرچ کرکے برڈج بنانے کی ضرورت کیا ہے، یہ رقم غریبوں میں بانٹ دی جائے۔ اس پر وزیر اعلیٰ سدرامیا نے کہاکہ ٹھیک ہے سڑک کی کوئی ضرورت نہیں ہے تو روک دیں گے لیکن آپ آگر سڑک موجود نہ ہوتو کیا اڑ کر جائیں گے؟۔ خاموش بیٹھ جائیں۔ اس مرحلے میں وزیراعلیٰ سدرامیا نے اس فرد سے سوال کیاکہ تمہارا گاؤں کونسا ہے؟ اس نے جواب دیا کہ رائچور ، پھر سدرامیا نے کہاکہ اب خاموش بیٹھ جاؤ۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ شہر میں ترقیاتی کاموں کو آگے بڑھانے کیلئے کچھ درختوں کی کٹائی ناگزیر ہوتی ہے، لیکن ہر بار ماحولیاتی کارکن کچھ درختوں کی کٹائی کو بنیاد بناکر ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایک درخت کے بدلے حکومت دس تا 20 پودے لگانے کی مہم چلا رہی ہے۔ شہر کی ترقی کیلئے چند درخت کاٹ دئے جائیں تو اس سے ماحولیاتی توازن نہیں بگڑے گا۔ ماحولیاتی کارکنوں کو یہ بات سمجھ لینی چاہئے۔حکومت شہر کے ماحولیات کو بگاڑنا نہیں چاہتی ، لیکن شہر کی ترقی کیلئے ہر ایک سے تعاون ضرور چاہتی ہے۔ایک طرف یہ کہا جاتاہے کہ شہر بنگلور کو بین الاقوامی سطح پر ترقی ملنی چاہئے ، برانڈ بنگلور کو بڑھاوا ملنا چاہئے، دوسری طرف حکومت جب اس خواب کی تعمیر کیلئے پہل کرتی ہے تو ماحولیات کا رونا روتے ہیں۔ سدرامیا نے کہا کہ 1791 کروڑ روپیوں کی لاگت پر چالوکیہ سرکل سے ہبال فلائی اوور تک اسٹیل برڈج تعمیر ہورہا ہے ، عوام اس کا استعمال کریں گے، حکومت اتنی بڑی رقم بلاوجہ خرچ نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس اسٹیل برڈج کی تعمیر سے صرف ایرپورٹ جانے والوں کو نہیں بلکہ شہر کے جنوبی علاقوں سے شمالی علاقوں تک پہنچنے والوں کو بھی کافی سہولت ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ اسٹیل برڈج کی تعمیر کا اعلان آج نہیں بلکہ دو سال قبل بجٹ میں کردیا گیاتھا، پھر بھی غیر ضروری طور پر انتشار پیدا کیا جارہاہے۔ 


Share: